آپریشن عزم استحکام :قومی تائید حمایت اہم قرار

آپریشن عزم استحکام :قومی تائید حمایت اہم قرار

(تجزیہ:سلمان غنی) حکومت کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کی نتیجہ خیزی کے حوالے سے کابینہ اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے سلسلہ کو قومی تائید وحمایت بارے اہم قرار دیا جا سکتا ہے ۔

وفاقی کابینہ آپریشن عزم استحکام کی منظوری دے چکی ہے اور کابینہ میں واضح کر دیا گیا ہے کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ ہی ہوگا عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی لہٰذا اس امر کا تجزیہ ضروری ہے کہ دہشتگردی کا سدباب کیونکر نہیں ہو پاتا اور انتہا پسندی اور شدت پسندی میں کونسے عناصر ملوث ہیں اور انہیں کن کی سرپرستی حاصل ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مل کر مشترکہ حکمت عملی کا تعین کیا اور اپیکس کمیٹی میں چاروں صوبائی حکومتوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے اسکی تائید کی اور اسے ملک کے وسیع تر مفاد میں قرار دیا بعد ازاں پی ٹی آئی جے یو آئی اے این پی جماعت اسلامی نے آپریشن پر اپنے تحفظات ظاہر کئے اور اسے پارلیمنٹ میں لا کر قومی اتفاق رائے سے مشروط کیا اور حکومت نے اس پر ضد کا مظاہرہ کرنے کی بجائے آپریشن کے خدوخال بھی واضح کئے ۔ پاکستان کی جن سپریم پارٹیوں کی قیادت نے ابھی تک انتہا پسندی شدت پسندی کا متبادل نظریہ یا بیانیہ تشکیل نہیں دیا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی پشت پناہی نہیں کی ۔

اس جنگ کا سارا بوجھ صرف فوج پر ڈال کر اگر ہمیں خود کچھ نہیں کرنا تو یہ حکمت عملی نہ پہلے نتیجہ خیز بنی نہ اب بنے گی لہٰذا اس حوالے سے سب کو اپنے اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا ۔ بلاشبہ پاکستان آج دوراہے پر کھڑا نظر آ رہا ہے ایک جانب بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے جس پر ہماری بقا کا انحصار ہے تو دوسریجانب دشمن دہشتگردی کے ذریعہ ہمیں ٹیک آف کرتا نہیں دیکھنا چاہتا۔ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے چین سعودی عرب ابو ظہبی و دیگر عرب ممالک پاکستان کے ساتھ کاندھا جوڑنا چاہتے ہیں مگر یہاں دہشتگردی کو ہوا دے کر انہیں روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ایسا کرنے والے کون ہیں کیا چاہتے ہیں کن مقاصد کیلئے سرگرم ہیں یہ سوچنا سمجھنا اور انہیں جاننا آج کی بڑی ضرورت ہے اور یہی وقت ہے کہ دشمن کو دشمن سمجھ کر ان سے نمٹا جائے اور انہیں انکے انجام تک پہنچایا جائے یہ دہشتگرد کسی کے دوست نہیں ہوتے یہ انسانیت کے دشمن ہیں تاریخ گواہ ہے کہ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں مگر اتحاد کی طاقت سے ہر طرح کے حالات پر قابو پایا جاتا ہے آج بھی قوم کا امتحان ہے اور پیش نظر پاکستان کی بقا ہے لہٰذا حکومتوں، سیاسی جماعتوں ، عام طبقات اور عوام کا امتحان شروع ہو گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں