کئی شہروں میں بارش ،لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنے

کئی شہروں میں بارش ،لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنے

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور (اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدید لہر جاری جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی ، کشمیر ،بالاکوٹ ،چترال، کالام ، کراچی سمیت اندرون سندھ میں بارش اور لاہور میں وقفے وقفے سے ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوارہوگیا۔

کئی علاقوں میں طوفان بادوباراں گرمی کازور ٹوٹنے پر شہریوں نے سجدہ شکر اداکیا ۔ اسلام آباد، راولپنڈی میں مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی اور آندھی کے باعث کئی درخت اور بورڈگر گئے ،لاہور میں جلو پارک کے قریب درخت کی بھاری شاخ ٹوٹ کر سڑک پر آ گری ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔آج جمعہ کو خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب بالائی خیبرپختونخوا ،جنوب مشرقی ، زیر یں وبالانی سندھ میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان، شمال مشرقی وجنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر آندھی اوربارش کا امکان ہے ۔دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال5ہزار885میگاواٹ تک پہنچ گیا ۔ 6 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ،پشاور کے علاقے ہزارخوانی میں لوڈشیڈنگ کیخلاف علاقہ مکینوں اور عمائدین نے رنگ روڈ پر دھرنا دیکرسڑک کو بند کردیا ۔ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا ،مسافر خوار ہوتے رہے ۔ کراچی میں نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی میں شہری بجلی وپانی بحران کیخلاف سڑکوں پرنکل آئے ۔مظاہرین نے مین روڈ بند کردیئے ، 3گھنٹے دھرنا دیا ،ٹریفک معطل رہی۔مظاہرین نے کہا لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے سے تجاوز کر گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں