بجٹ کے اثرات انارکی کا ذریعہ ہونگے :میاں محمد سومرو

بجٹ کے اثرات انارکی کا ذریعہ ہونگے :میاں محمد سومرو

لاہور(نامہ نگار خصوصی)سابق نگران وزیر اعظم سینئر سیاستدان میاں محمد سومرو نے کہا ہے کہ جس سسٹم میں عوام مہنگائی ومسائل زدہ ہوں اور کوئی انکے زخموں پر مرہم رکھنے والا نہ ہو۔۔۔

 وہ سسٹم جمہوری ہو نہیں سکتا بدقسمتی یہ کہ یہاں انتخابات استحکام کی بجائے انتشار کا ذریعہ بنتے ہیں کوئی خود کو جوابدہ نہیں سمجھتا، بجٹ کا سارا لوڈ عوام پر ہے مگر حکمران ٹولہ اور اشرافیہ کی عیاشیاں جاری ہیں اس بجٹ کے اثرات ملک میں انارکی کا ذریعہ ہوں گے۔ وہ یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں  جاوید نواز کی جانب سے سینئر صحافیوں اور دانشوروں کے اعزاز میں عشائیہ پرسوالات کے جواب دے رہے تھے ۔ اس موقع پر الطاف قریشی، مجیب شامی، سجاد میر، سلمان غنی، حفیظ اللہ نیازی ،شبیر خان، ڈاکٹر خالد نواز، ہارون عباسی، امان اللہ خان ودیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا بغیر اصلاحات کے انتخابات فضول عمل ہے ملک میں استحکام کے لئے ووٹ کی عزت بحال کرنا ہو گی ۔شفاف انتخابات ملکی بقا کے لئے لازم ہیں۔ ملک کرپشن کی آگ میں جل رہا ہے کسی کو اس کا ادراک نہیں، سندھ کا نوے فیصد کرپشن کی نذر ہوتا ہے ،سارے محکمے کرپشن زدہ ہیں عوام کا پرسان حال نہیں، مہنگائی بے روزگاری اپنے عروج پر ہے کوئی جوابدہ نہیں ، مایوسی بے چینی نے ہر سطح پر تشویش پیدا کر رکھی ہے کوئی عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے والا نہیں ، جب سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں تو یہ ملک میں کیا جمہوریت لائیں گے الیکشن کمیشن پہلے پارٹیوں میں جمہوریت کا بندوبست کرے پھر الیکشن شفاف ہوں گے بدقسمتی یہی ہے کہ یہاں حکومتیں بنتی نہیں بنائی جاتی ہیں اور وہ ڈلیور نہیں کرتیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں