9 مئی :بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کا حکم

9 مئی :بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کا حکم

لاہور(اپنے خبر نگار سے )لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی سے متعلق جناح ہاؤس ،عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے بانی پی ٹی آئی کی مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت وکیل سلمان صفدر نے دلائل د ئیے کہ دوسری عدالت نے ملزم کی ویڈیو لنک کے بغیر ہی 4ضمانتیں کنفرم کی ہیں،بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہو جائے گا۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس عدالت کے فیصلے کی کاپی پیش کی جائے ، بعد ازاں عدالت نے آج وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھا دیں،عدالت نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ایک جھلک دکھا دیں گے ،سلمان صفدر نے کہاکہ اب جھلک دکھانا کچھ آسان ہے کیونکہ ان کی منہ دکھائی سپریم کورٹ میں ہو چکی ہے ،بیرسٹر سلمان صفدر کی بات پر عدالت میں قہقہہ لگ گئے ۔ ایڈمن جج نے تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ کیس میں تفتیشی افسرکی استدعا پر شاہ محمود قریشی کواڈیالہ جیل سے 8جولائی کو طلب کرلیا ،اس کیس کے شریک ملزموں کیخلاف کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل ہوگا۔ایڈمن جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں 11ملزموں کی ضمانتیں خارج کرنے کا حکم بھی جاری کیا ،عدالت نے ملزم ذوالفقار ، رضوان، محسن مزمل ، یعقوب ،حاشر معراج ، حافظ سیف الرحمن ، رانا احمد ارسلان ، تنویر احمد اوروسیم عباس کی ضمانتیں خارج کیں ،جن کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں