جڑواں شہر دوسرے روز بھی سیل، عدالتیں، سکول، میٹرو بس بند، ہو کا عالم

اسلام آباد، راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث جڑواں شہر آج بھی سیل ہیں جبکہ عدالتیں، سکول، میٹرو بس سروس سمیت تمام ادارے بند اور سڑکیں سنسان ہیں۔

دونوں شہروں کے تمام راستے، سڑکیں، چوراہے آج دوسرے دن بھی مکمل سیل ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ سے آنے والے لنک روڈز اور گلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے، اسی طرح سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے آج ہفتے کے روز بھی مکمل بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سرکاری اداروں میں بھی حاضری کم ہے۔

اڈیالہ جیل سے ملزمان کو آج بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے کچہری کا علاقہ سنسان ہے، تمام عدالتوں نے مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے حاضری لگا کر ملتوی کردی۔

شہر کے چوراہوں سمیت دیگر اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کی وجہ سے آن لائن رائیڈ سروس فراہم کرنے والے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں، شہر میں میٹرو سروس آج بھی بند ہے۔

دریں اثناء راستوں کی بندش کے باعث محکمہ تعلیم نے سلام ٹیچرز ڈے سے متعلق تمام تقریبات منسوخ کر دی ہیں، ان پروگرامز میں اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ بھی دیئے جانے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں