وزیراعلیٰ سندھ سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات، معاشی صورتحال پر گفتگو

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، اجلاس میں صنعتی ترقی اور معیشت کی مضبوطی پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، معیشت میں بہتری کی وجہ سے انٹرسٹ ریٹ کم ہوا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں نے کہا کہ زیادہ ٹیکس لگانے سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، بجلی کی قیمت اگر کم ہوتی ہے تو صنعت کو فائدہ ہوگا

اس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے تجویز دی ہے کہ فیکٹریز کو اضافی شفٹ چلانے پر بجلی سستی دی جائے، اگر فیکٹریزمیں اضافی شفٹ چلے گی تو روزگار بھی ملے گا، معیشت کی بہتری کیلئے وفاقی حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ زراعت کے شعبہ میں خصوصی توجہ دینی چاہئے، زراعت کی ترقی سے ملک ترقی کرے گا اور لوگ خوشحال ہوں گے۔

پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے مطالبہ کیا کہ انفرا سٹرکچر سیس کا ریٹ واپس 1.2 کیا جائے، چیئرمین شبیر دیوان نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں انفرا سٹرکچر ریٹ 1.8 کر دیا ہے۔

جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت بزنس کونسل کی تجویز پر انفرا سٹرکچر سیس کا ریٹ کم کرنے پر غور کرے گی۔

ملاقات کے آخر میں پاکستان بزنس کونسل نے سندھ ریونیو بورڈ کے ٹیکسز کے حوالے سے تجاریز دیں، وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان بزنس کونسل کے وفد کو ان تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں