اے پی سی :اللہ کرے بانی پی ٹی آئی بیان پر قائم رہیں :وزیر اطلاعات

اے پی سی :اللہ کرے بانی پی ٹی آئی بیان پر قائم رہیں :وزیر اطلاعات

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا واضح اور دوٹوک موقف پیش کیا۔

کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے ،تمام جماعتوں کو اے پی سی میں شامل کیا جائیگا۔ بانی پی ٹی آئی کا بیان بھی سامنے آیا ہے ،اللہ کرے وہ اپنے بیان پر قائم رہیں۔اداروں کی نجکاری کے حوالے سے کام جاری ہے ، اگست میں تیزی آئے گی،ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے اخراجات ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے اٹھائے ۔ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر نے کہا ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اہم اقدام ہے ،وزیراعظم کی حکمت عملی سے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن پر حکومت کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا،ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے اخراجات برداشت کئے ، ڈیجیٹلائزیشن کے دوران 45 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں لیکن ٹیکس ادا نہیں کرتے ۔نان فائلرز کا بوجھ ایسے لوگ برداشت کر رہے ہیں جو ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا حکومتی اقدامات کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں کے دوران تین لاکھ سے زائد نئے ٹیکس دہندگان نے اپنے گوشوارے جمع کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا دو ہفتوں کے دوران 4 ہزار انڈر انوائسنگ کی نشاندہی کی گئی ہے ، انڈر انوائسنگ بہت بڑا جرم ہے ، ایسی انڈر انوائسنگ کے ریفنڈنگ روکے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا روپے کا مستحکم ہونا زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ، تجارتی خسارہ کم ہونا، آئی ٹی برآمدات کا بڑھنا یہ تمام مستحکم معیشت کی طرف نشاندہی کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں