آٹے پر ودہولڈنگ ٹیکس نامنظور ، ملک بھر کی فلور ملز بند

 آٹے پر ودہولڈنگ ٹیکس  نامنظور ، ملک بھر کی فلور ملز بند

لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی(عمران اکبر، اپنے سٹی رپورٹر سے ،نیوزرپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا ودہولڈنگ ٹیکس اور ایم ڈی آئی چارجز معاملے پر آج جمعرات سے ہڑتال کرنے کافیصلہ، ملک بھر میں فلورملز غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی گئیں۔

 تالہ بندی کر کے احتجاجی بینرز آویزاں کر دیئے گئے ،وفاقی حکومت نے فلورملز نمائندگان کے مسائل حل کرنے سے صاف انکار کر دیا ،حکومت اور فلور ملزو ہول سیلرز میں تاحال ڈیڈلاک برقرار ہے ۔ ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایم ڈی آئی چارجز بڑھانے پر ملک بھر کی 1500 سے زائد فلور ملز میں گندم کی واشنگ بند کردی گئی،آج سے آٹے کی پیکنگ وترسیل بھی بند کر دی جائیگی، لاہورسمیت صوبہ بھر میں آٹے کی سپلائی بند ہونے سے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ آٹا کھانے کی آئٹم ہے اس پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں، ایف بی آر کے ود ہولڈنگ ٹیکس ایجنٹ نہیں بنیں گے ۔ ود ہولڈنگ ٹیکس سے 10 کلو آٹا تھیلا 900 سے بڑھ کر 990روپے کاہو جائے گا جو عوام پر اضافی بوجھ ہو گا ۔صدر فلور ملز سیٹھ طارق نے بھی ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کردیااور کہا فیصلہ واپس لینے تک ملز بند رکھی جائینگی۔ ٹیکسز سے آٹا مہنگاہوجائیگا ۔وفاقی وزرا خواجہ آصف اور رانا تنویر سے ملاقات میں طے نہیں پائے ،حکومتی وفد نے معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں آٹے کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد شروع کر دیا، محکمہ خوراک کے فیلڈ افسروں کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات دینے کی سمری ارسال کر دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں