اسلام آباد :تحریک لبیک نے فیض آباد میں دھرنا دیدیا
راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مارچ دھرنے میں تبدیل ہوگیا ، ٹی ایل پی نے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دے دیا۔
تحریک لبیک کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے لیاقت باغ سے فیض آباد تک فلسطین اقصیٰ مارچ کیا گیا ،مارچ کے اختتام پر باقاعدہ دھرنے کا اعلان کیا گیا ۔دھر نے میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے ، دھرنے کی قیادت امیر ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی کر رہے ہیں ، ٹی ایل پی نے حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھ دئیے ، پہلا مطالبہ مظلوم فلسطینیوں تک غذائی و طبی امداد فی الفور پہنچائی جائے ، حکومتِ سرکاری سطح پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دیا جائے ، سعد حسین رضوی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے تین مطالبات منظور نہیں ہوتے دھرنا جاری ر ہے گا ، ہم واپس نہیں جائینگے ، دھرنے کے باعث فیض آباد سے صدر تک میٹرو بس سروس بند ہو کر سیکرٹریٹ سے آئی جی پی سٹیشن تک محدود رہی ، اس دوران مری روڈ پر بھی ٹریفک جام رہی ، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود رہی ، جبکہ ٹی ایل پی کے سینکڑوں رضاکار بھی سکیورٹی پر مامور تھے ، اس موقع پر حافظ سعد رضوی نے کہاکہ مسلمان جسد واحد کی طرح ہے اگر اس کے کسی ایک حصے میں درد ہو گا تو پورے جسم کو تکلیف ہوگی ، بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں بہنوں بزرگوں اور بچوں کی مدد کریں ۔