پی ٹی آئی پر پابندی سے مزید بگاڑ پیدا ہو گا:شاہد عباسی

 پی ٹی آئی پر پابندی سے مزید بگاڑ پیدا ہو گا:شاہد عباسی

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس ایسے کوئی اختیار نہیں کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگائے۔۔۔

 پی ٹی آئی پر پابندی سے مزید بگاڑ پیدا ہوگا، یہ کل موجودہ حکمرانوں پر بھی لگ سکتا ہے، گارنٹی دیتا ہوں کہ یہ آرٹیکل چھ نہیں لگاسکتے، اگر لگا تو حکومت میں بیٹھے بہت سے افراد پر بھی لگے گا، بات سپریم کورٹ میں جائے گی،حکومت کا اپنا مینڈیٹ مشکوک ہے، اگر کسی کے پاس نمبر زیادہ ہیں تو وہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کردے، ضروری نہیں کہ جو غلطیاں بانی پی ٹی آئی نے کیں وہ ہم بھی دہرائیں، ایک میز پر بیٹھنا پڑے گا،فون ٹیپ کرنے کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے، موبائل کال ریکارڈنگ کے بہت خطرناک اثرات ظاہر ہوں گے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ گریڈ 18 کا آفیسر پی ٹی اے ایکٹ کے تحت کال ٹریس کر سکتا ہے ،کب یہ کابینہ کے ایجنڈے پر آیا، اس حساس معاملے کو پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لایا گیا؟ گریڈ 18 کے افسر کو لامحدود اختیارات دینا سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت جب سپریم کورٹ کے فیصلوں پر تنقید شروع کر دے تو یہ مناسب بات نہیں، مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر کہا کہ ججز نے جو فیصلہ دیا وہ آسان فیصلہ ہے قانون واضح ہے کہ جتنی سیٹیں جس نے جیتی ہیں اتنی سیٹیں اس کا حق ہے، اس فیصلے سے سپریم کورٹ نے اپنے کچھ گناہوں کو دھویا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں