اسلام آباد میں تحریک انصاف کا مرکزی دفتر دوبارہ سیل:رؤف حسن2روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد میں تحریک انصاف کا مرکزی دفتر دوبارہ سیل:رؤف حسن2روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں )میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے ذیلی شعبے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ عملہ نے گزشتہ روز تحریک انصاف سنٹرل سیکر ٹریٹ سیکٹر جی 8 بوجہ خلاف ورزی اسلام آباد فائر پری وینشن و لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 سیل کر دیا۔

 اس سے قبل سیکر ٹریٹ انتظامیہ کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمارت کے فزیکل معائنہ کے بعد معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں آگ بجھانے اور ہنگامی حالات میں کئے جانے والے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ آگ بجھانے والے آلات کی تعداد انتہائی قلیل ہے اور جو موجود ہیں وہ ایکسپائرڈ ہیں، آٹو میٹک ڈیٹیکشن سسٹم ناکارہ پایا گیا، مینوئل الارم سسٹم بھی خراب نکلا، ایمرجنسی لائٹس بھی موجود نہیں ہیں، ایگزٹ سائن پر آگ بجھانے کے لئے پانی کا ذخیرہ، واٹر پمپ، فلور نمبرنگ، ایمر جنسی انخلا پلان، دھویں کے اخراج کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ اسی طرح الیکٹرک وائرنگ بھی غیر معیاری پائی گئی ۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ نوٹس پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری طرف جوڈیشل مجسٹریٹ و ڈیوٹی جج عباس شاہ کی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن اور دیگر کارکنوں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے دو خواتین کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران ایف آئی اے حکام نے گرفتار افراد کو عدالت پیش کیااور دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور ڈیوائسز ریکور کرنی ہیں،پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ یہی پی ٹی آئی کا دفتر پہلے سیل کیا گیا ہم نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ آفس کو ڈی سیل کیا جائے ،کبھی کہتے ہیں پی ٹی آئی کو بین کریں گے کبھی کہتے ہیں ہم دہشت گرد ہیں،فاطمہ جناح ،بھٹو ،بینظیر کو کہا کہ یہ غدار ہیں اب بانی پی ٹی آئی کو غدار کہتے ہیں،ٹکٹ لینے آئی خواتین کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔اس موقع پر تفتیشی افسر نے ایف آئی آر عدالت میں پڑھ کر سنائی جس میں کہاگیا کہ پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی ار درج کی گئی ہے ، لطیف کھوسہ نے کہاکہ موبائل سمیت سارا ریکارڈ ان کے پاس ہے واٹر چلر بھی ساتھ لے گئے ،ایسے محسوس ہو رہا تھا جیسے انڈین فوج آ گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں