دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی:اسد قیصر

دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی:اسد قیصر

لاہور،مردان(اپنے خبرنگار سے ،کورٹ رپورٹر، دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا شہباز شریف اور مریم نواز اپنا بوریا بستر گول کر لیں، دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی،اسد قیصر نے مردان میں وکلاکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی فارم 47کی اسمبلی ہے۔

 اعظم نذیر تارڑ جس قسم کی قانون سازی کررہے ہیں اس سے سپرمیسی آف لا متاثر ہو رہا ہے ، مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف 5اگست کو نکلیں گے ، آ ئی پی پیز کے ایگریمنٹ والوں کے نام قوم کے سامنے لائیں، ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی انتہائی ضروری ہے ،موجودہ اسمبلی جو قانون سازی کرے گی اس کی کوئی حیثیت نہیں۔دریں اثنا لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا واحد پارلیمنٹیرین ہوں جو غلط کیس میں  ڈالا گیا ،میرے پروڈکشن آرڈر دو بار جاری ہوئے ،ایک بار مرزا آفریدی اور ایک بار راجہ پرویز اشرف نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ،یہ ملک کے اندر طاقتور حلقے ہیں انہوں نے نہیں جانے دیا ،یوسف رضا گیلانی کے رویے پر حیرت ہے کہ انہوں نے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے ،انکے ہاؤس کا ایک ممبر جیل میں بے گناہ بند ہے اور ان کو فرق نہیں پڑتا۔حافظ نعیم نے جماعت اسلامی کو نئے سرے سے کھڑا کیا ہے ،تحریک انصاف کے کارکنان جماعت اسلامی کے ساتھ شریک ہوں،اس موقع پر میاں محمود الرشید نے کہا میری ذاتی رائے میں نئے انتخابات کی بجائے فارم 45 کھولنے پر زور دینا چاہیے ۔نئے انتخابات کے حوالے سے پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں قبول ہوگا ۔9مئی کے مقدمات میں عدالت پیش ہونے والے رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا دسمبر تک قوم الیکشن کیلئے تیار رہے ، پانچ اگست سے نئی تحریک شروع ہو گی ،ہمیں افسوس ہوا یہ ہمارے قائدین کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں