بغیرویزاافغانوں کاداخلہ بند،طورخم بارڈر پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں
خیبر (نمائندہ دنیا،اے پی پی )پاک افغان طورخم بارڈر پر داخلے کی عارضی دستاویزات کی شرط لاگو ہونے کے بعد بارڈر کے اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔کسٹم حکام کے مطابق کاغذات کی عدم دستیابی پر مال بردار گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت نہیں ہوگی۔
افغان حکام کی درخواست پر جنوری سے 31 جولائی تک ویزے کی شرط میں نرمی کی گئی تھی، یکم اگست سے پاک افغان طورخم بارڈر پر بغیر ویزے کے مال بردار گاڑیوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔کسٹم حکام کا کہنا ہے افغان مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لئے ویزے کی درخواستوں پرجمعرات سے عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے ۔گاڑیوں میں پھل اور دیگر کھانے پینے کی اشیا ہیں جن کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے ،پاک افغان تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے حکام سے مزید مہلت اور درمیانی راستہ نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لاکھوں اور کروڑوں روپے کے نقصانات سے بچ سکیں۔