پیکا ایکٹ مقدمہ :رؤف حسن کی درخواست ضمانت منظور
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے پیکا ایکٹ مقدمہ میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت 9 ملزموں کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔
علی بخاری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ احمد وقاص جنجوعہ کے انکشاف پر ایف آئی آر ہوئی یہ سارا کیس ایک انکشاف پر ہے ،تین خواتین کی ضمانت ہو چکی 9 افراد کی ضمانت کی درخواست عدالت کے سامنے ہے ،9 ملزم پیڈ ملازم ہیں جن کا الزام سے کوئی واسطہ نہیں نہ رئوف حسن سے کوئی تعلق ۔ رئوف حسن کوتو چھوڑیں ان آٹھ بندوں نے ملک کو کیا نقصان پہنچایا،رؤف حسن اور دیگر کی ضمانت منظور کی جائے ،ایف آئی اے پراسیکیوٹر عامر شیخ نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا رپورٹس کے مطابق 100 سے زائد واٹس ایپ گروپس چل رہے جن سے اشتعال پھیلایا جاتا ہے ،ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے مختلف ٹویٹس کے ٹرانسکرپٹ پڑھے گئے ، مختلف فرقہ واریت والی مہم چلائی جاتی ہے ،دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے رؤف حسن اور دیگر کی ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیااور بعد ازاں عدالت نے 50،50 ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض رؤف حسن سمیت تمام9 ملزموں کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں گرفتار پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔