حکومت جب کہے ’’ایکس ‘‘کھول دینگے :چیئرمین پی ٹی اے

 حکومت جب کہے ’’ایکس ‘‘کھول دینگے :چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )حفیظ الرحمن نے کہا ہے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کھولنا حکومت کا فیصلہ ہے ،پی ٹی اے حکومت کے کہنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند کرتا ہے۔

جس دن حکومت کہے گی ہم ایکس کھول دیں گے ، انہوں نے ملک میں چلنے والے وی پی اینز کو محدود کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاوی پی این بلاک کیا جا سکتا ہے لیکن اس پر آپ کا سارا کاروبار چلتا ہے ، آن لائن کاروبار کو مدنظر رکھتے ہوئے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این)کی وائٹ لسٹنگ کی جا رہی ہے جس کے بعدمخصوص وی پی این ہی پاکستان میں چلے گا باقی نہیں، یہ ایک طویل عمل ہے جسے مکمل کرنے میں میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ کا اجلاس رانا محمود الحسن کی زیر صدارت ہوا، چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا فائیو جی کی نیلامی مارچ یااپریل میں ہونے کا امکان ہے ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایاکہ ایکس کا عملدرآمد سب سے کم ہے ، ہمارے ملک میں مذہبی جذبات کے حوالے سے پوسٹ بلاک نہ ہو تو یہاں مظاہرے شروع ہو جاتے ہیں، حکومت کی جتنی دھلائی یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر ہوتی ہے اتنی ایکس پر نہیں ہوتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں