مہنگائی میں2.1 فیصد اضافہ، سالانہ شرح11.1فیصد ریکارڈ

مہنگائی میں2.1 فیصد اضافہ، سالانہ شرح11.1فیصد ریکارڈ

اسلام آباد(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں نئے مالی سال کے پہلے ماہ مہنگائی کی شرح میں 2.1فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پرمہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی،گزشتہ سال جولائی میں مہنگائی کی سالانہ شرح 28.3فیصد پر تھی ۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2024میں مہنگائی کی شرح میں 2.1فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.1فیصد پر آگئی،جولائی 2023میں سالانہ مہنگائی 28.3فیصد کی بلند سطح پر تھی۔ شہری علاقوں میں مہنگائی 13.18فیصد،دیہات میں 8.14فیصد رہی ۔شہری علاقوں میں گزشتہ ماہ ٹماٹر 75.82فیصد مہنگے ہوئے ،سبزیاں29.71فیصد،خشک دودھ 17.34فیصد مہنگا ہوا،دال چنا 15.35 فیصد،چکن 10فیصد،دال مونگ 8.75فیصد مہنگی ہوئی۔گزشتہ ماہ ملک میں گندم کا آٹا 8.23فیصد تک مہنگا ہوا،آلو، سفید چنے ،دودھ، گندم، پھل،شہد کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ دال ماش، مسور،مشروبات،چینی،انڈے اور سگریٹس بھی مہنگے ہوئے ۔ہسپتال چارجز،فیول،ہوزری، موٹر فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں بیکری آئٹمز، مچھلی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ہوئی۔مہنگائی کے سالانہ اعدادو شمار کے مطابق جولائی میں خوراک سالانہ بنیاد پر1.56 فیصد مہنگی ہوئی،جلد خراب ہونے والی اشیا ء کی قیمتوں میں 29فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ایک سال میں کپڑے اور جوتے 18.18فیصد تک مہنگے ہوئے ،سالانہ بنیاد پر ہائوسنگ، بجلی، پانی، گیس کے چارجز 25.30فیصد بڑھ گئے ۔گزشتہ سال کی نسبت صحت کی سہولیات 19فیصد سے زائد مہنگی ہو گئیں، ایک سال میں ٹرانسپورٹ کرائے 12فیصد،تفریحی سہولیات پر 10فیصد ، ایک سال میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے چارجز میں بھی 11فیصداضافہ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں