غلہ منڈیوں میں دوسرے روز بھی ہڑتال ،سپلائی متاثر، اشیامہنگی

 غلہ منڈیوں میں دوسرے روز بھی ہڑتال ،سپلائی متاثر، اشیامہنگی

لاہور،فیصل آباد،اسلام آباد(نمائندہ دنیا،نیوز ایجنسیاں)ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف غلہ منڈیوں میں تاجروں اور ہول سیلرز کی دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی ۔ لاہور میں اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ اکبری منڈی سمیت دیگر غلہ منڈیوں سے سپلائی نہ ملنے سے پرچون دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

 اکبر ی منڈی کے عہدیدار اظہر اقبال اعوان نے کہااگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 6اگست کو ملک بھر کے نمائندوں کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا ۔ ہڑتال پرراولپنڈی اور اسلام آباد میں غلہ منڈیاں بند رہنے سے مری، ہزارہ ڈویژن، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوامیں اجناس کی قلت کاخدشہ پیدا ہو گیا۔صدر غلہ منڈی راولپنڈی، اسلام آباد ایسوسی ایشن شیخ آصف اکرم نے کہا اگر بات نہ بنی تو غیر معینہ مدت کیلئے ملک گیر ہڑتال کا آپشن بھی موجود ہے ۔ فیصل آباد کی غلہ منڈی میں بھی ہڑتال رہی ، انجمن تاجران فیصل آباد سٹی سمیت شہر بھرکی تاجر تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ہڑتال سے دالوں،گھی چاول مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی اور دال ماش ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔ صدر منظور قادر، جنرل سیکر ٹری محمود رحمانی،وائس چیئر مین شیخ محسن خالد،سیکرٹری فنانس عبدالحسیب پراچہ، جوائنٹ سیکر ٹری عبید اللہ جٹ، سیکر ٹری نشرو اشاعت رانا زبیر کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے ساتھ بات کرے ، ٹیکسوں کا سسٹم صحیح ہوجائے تو سب فائلرز ہوجائینگے ۔ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف عدالت میں بھی جائینگے ۔مرکزی تنظیم تاجران کے سرپرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آبادخواجہ شاہد رزاق ، جنرل سیکرٹری شیخ سعید ، ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہدنے اپنی اور شہر بھرکے تاجروں کی جانب سے غلہ منڈیوں کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا حکومت نے نت نئے ٹیکسزلگاکر غریب عوام اور تاجروں کا جینا محال کردیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں