ایک لاکھ تنخوا ہ پر ٹیکس چھوٹ،400بجلی یونٹ تک ریلیف:ویزراعظم نے ٹاسک دیدیا

ایک لاکھ تنخوا ہ پر ٹیکس چھوٹ،400بجلی یونٹ تک ریلیف:ویزراعظم نے ٹاسک دیدیا

اسلام آباد (مدثر علی رانا)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو 50ہزار سے زائد آمدن پر نظرثانی شدہ ٹیکس واپس لینے اور 400 یونٹ والوں کیلئے ریلیف کا ٹاسک معاشی ٹیم کو سونپا ہے ۔

 باوثوق ذرائع نے بتایا اس کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں، تنخواہ دار طبقے کیلئے 50ہزار سے زائد آمدن پر ٹیکس سلیب ریوائز کرنے کی تجویز زیرغور ہے ، حالیہ بجٹ میں 50ہزار آمدن پر ٹیکس شرح کو 1.2 فیصد سے بڑھا کر 2.5 فیصد کر کے دوگنا کیا گیا جس سے تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس بوجھ دوگنا ہو گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تنخواہ داروں کو 30 سے 40 ارب روپے کا ریلیف دیئے جانے کی تیاریاں ہیں۔ آئی ایم ایف کیساتھ ماہانہ ایک لاکھ تک تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے بات چیت ہو گی۔ 3 سو سے 4 یونٹ والے بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے مختلف تجاویز پر وزارت خزانہ، وزارت توانائی مل کر کام کر رہی ہیں، بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے حتمی رضامندی آئی ایم ایف سے لی جائے گی۔ یہ تجویز بھی زیرغور ہے کہ وزارت خزانہ کے مطابق تقریباً 3.5 ٹریلین روپوں سے زائد پیسوں کا بندوبست کر کے وزارت توانائی کو دیئے جائیں تاکہ کپیسٹی پیمنٹ کی یکمشت ادائیگی سے گردشی قرضہ کلیئر کیا جائے جس سے 5 روپے سے زائد فی یونٹ سستا ہو سکے گا۔ وزارت خزانہ نے وزارت توانائی کی اس تجویز کو آئی ایم ایف سے مشروط کر دیا، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وفاق کے پاس اتنی مالی گنجائش بھی نہیں۔ یہ تجویز بھی زیرغور ہے کہ پی ایس ڈی پی میں مزید کٹ لگایا جائے گا اور یہ پیسے بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے ایڈجسٹ کیے جائیں۔ تمام تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں، فائنل فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے جس کے بعد آئی ایم ایف کیساتھ تجاویز شیئر کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق یہ تجاویز وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی ہیں۔ بجٹ میں ٹیکسز عائد ہونے کے بعد مسلسل چار ہفتے مہنگائی میں اضافہ ہوا تاہم گزشتہ روز مہنگائی کو بریک لگ گئی اور ہفتہ وار بنیاد پر شرح میں 0.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.41 فیصد پر آگئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 24 اشیا کی قیمت میں اضافہ، 7 میں کمی اور 20 اشیا کی قیمت مستحکم رہی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں