شیر افضل کی پارٹی رکنیت منسوخی کاعلم نہیں، نوٹیفکیشن واپس کراؤں گا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل جاری کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخی کاعلم نہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور عمران خان کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا۔

بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم اس وقت کون ہدایات جاری کر رہا ہے اور کون فیصلے لے رہا ہے، میرے علم میں یہ بات نہیں لائی گئی کہ بانی پی ٹی آئی نے اس قسم کی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کر دی گئی جب کسی کمیٹی نے ان کو بلایا تک نہیں، آج عمران خان سے ملاقات کروں گا اور اس نوٹیفکیشن کو واپس کراؤں گا، شیر افضل مروت ہماری پارٹی کے رکن ہیں اوربانی پی ٹی آئی کے وفادار ہیں۔

واضح رہے پی ٹی آئی نےشیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رکنیت ختم کرنےکا یہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی نے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا جبکہ کور کمیٹی ممبران نے بھی شیر افضل مروت کی رکنیت منسوخی کی تصدیق کی تھی، کور کمیٹی اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ شیر افضل مروت کو نکالا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں