جولائی میں سیمنٹ کی فروخت میں 6.81فیصد کمی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت میں 6.81 فیصد کمی کا سامنا رہا۔
سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.010ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی کے مہینے کی فروخت 3.230ملین ٹن رہی تھی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی کے مہینے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.463ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جولائی 2023کے مہینے کی فروخت سے 11.41فیصد کم ہے ۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ زیادہ ٹیکس اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ملک کے سیمنٹ سیکٹر کو متاثر کر رہی ہے ، یہ مسلسل 11واں مہینہ ہے جس کے دوران ملک میں سست معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے سیمنٹ کی مقامی طلب میں کمی کا رجحان ظاہر ہو رہا ہے ۔