کاغان پل ٹوٹنے سے ماں بیٹا سیلابی ریلے میں بہہ گئے،سینکڑوں سیاح محصور
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )بارش کا پانی ماں بیٹے اور 4بچوں کی زندگی نگل گیا کاغان میں سیلا بی ریلا 16دکانیں بہاکرلے گیاجبکہ ماں بیٹا ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ،اسلام آباد میں 4بچے پانی میں ڈوب کر جان گنوا بیٹھے ۔مون سون کی شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کی ایک ، سندھ کی 2اور بلوچستان کی 4ڈویژنز میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق وادی کاغان کے علاقوں گھنول اور منورویلی میں بارشوں سے رابطہ سڑکیں اورایک فش فارم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے ،مہانڈری میں پانی ریلا 16دکانیں بہا کرلے گیاجبکہ منورویلی میں ماں بیٹا پانی کے ریلے میں ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ۔ شاہراہ کاغان پر مہانڈری کے مقام پر پل ٹوٹنے سے کئی سیاح اور مقامی افراد محصور ہو گئے ۔اسلام آباد میں تھانہ شالیمار کے علاقہ ایف الیون ٹو میں دو بچے پانی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے ، پولیس کے مطابق گراؤنڈ میں جمع پانی میں بچے کھیل رہے تھے کہ پانی میں کرنٹ دوڑنے سے لپیٹ میں آ گئے ،بچوں کی شناخت غلام محمد ولد گوگا عمر 7سال اور وقاص عمر 10سال سے ہوئی ۔ تھانہ بنی گالہ کے علاقہ میں برساتی تالاب میں دو بچے نہاتے ہوئے ڈوب گئے ،جاں بحق ہونے والوں 10سالہ ساحل اور 12سالہ وصال شامل ہیں ۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے پنجاب میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن، بلوچستان میں ژوب، سبی، نصیر آباد اور قلات جبکہ سندھ میں لاڑکانہ اور حیدرآباد ڈویژن کیلئے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے ۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بلوچستان میں شدید سیلاب کی صورتحال بن سکتی ہے ،اس لئے خطرے سے دو چار علاقوں کی آبادی سیلاب کے پانی سے بچے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق پیر تک درمیانے درجے سے اونچے درجے کے سیلاب کی توقع ہے ، تمام متعلقہ محکموں کو سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل 5 اگست تک شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا،فیصل آباد ،ملتان ،ساہیوال ،پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے جبکہ آج اور کل سندھ کے نشیبی علاقے بھی زیرِآب آنے کا خدشہ ہے ،مون سون کی بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔