اقتصادی ترقی کا واحد راستہ برآمدات میں اضافہ:احسن اقبال
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی حاصل کرنے کا واحد راستہ برآمدات میں اضافہ ہے ۔
انہوں نے ایکسپو سینٹر لاہور میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 28ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس وسیع وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں لیکن مسابقت، منافع اور اقتصادی ترقی بڑھانے کیلئے پیداوار، معیار اور جدت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ سات ممالک سے 550 کمپنیاں اس ایکسپو میں شریک ہوئیں ،ایسے تجارتی میلوں کا مقصد برآمدات کو فروغ دینا ہے جواقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے کیونکہ اس سے پاکستانی روپے کو تقویت ملے گی ۔ احسن اقبال نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ وہ مسائل حل کیلئے تعمیری تجاویز پیش کرنے کی بجائے مظاہروں پر توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے سیاسی اختلافات دور کرنے اور ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیااور کہا یہ مظاہروں اور دھرنوں کا وقت نہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مظاہرے ممکنہ سرمایہ کاروں کو دور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن رہنمائوں کو حکومتی ماہرین کے ساتھ مل بیٹھ کر قومی چیلنجز کا تعمیری حل تلاش کرنے کی دعوت دی اور کہااقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔