جو ہوگیا سو ہوگیا،سیاسی اختلافات سے ہٹ کر ملک کے لئے یکجا ہوجائیں:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے خصوصی خطاب کیا اور تقریب میں موجود سفارتکار کمیونٹی کی آمد پردل سے شکریہ ادا کیا اوران کا خیر مقدم کیا۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام ہو، فتنہ فساد نہ ہو، لڑائی جھگڑے اور گالی گلوچ نہ ہو، ایک قوم بن کے آگے بڑھے تو ہم ایک آئیڈیل ملک بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ہوگیا سو ہوگیا ،سیاسی اختلافات سے ہٹ کرملک کیلئے یکجا ہوجائیں۔ ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے والے تمام سیاستدانوں خصوصاً ایٹمی طاقت بنانے والے نوازشریف صاحب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ملکی ترقی کے لئے کام کرنے والے افواج پاکستان، پولیس، سکیورٹی فورسز،بیوروکریسی یا کسی بھی فیلڈکے ہر فرد کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب میں موجود ہر فرد اور پاکستان کے ہر شہری کو پاکستان کی 77ویں سالگرہ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ میں بچوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کی باگ ڈور آپ اور آنے والی نسل کے ہاتھ میں ہوگی۔ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل دینے کی تقریب میں کئی دہائیوں کے بعدپاکستان کا جھنڈا دیگر جھنڈوں سے بلند ہورہا تھا اور پھر ہمارا جھنڈا سب سے بلند ہوگیا۔ نوجوانوں سے کہتی ہوں کہ پیرس سٹیڈیم جیسے لمحات شاذونادر یا دہائیوں کے بعد نہیں بلکہ ایسے لمحات ہمارا معمول ہونا چاہیے ۔ تمام پاکستانیوں کو کہنا چاہوں گی کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا ہی یہاں بسنے والی اقلیتی برادری کا ہے ۔اقلیتی برادری کے لئے اپنے دل اور دماغ کے دروازے کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی تفریق نہیں ہے ۔ آزادی کی قیمت فلسطین کے مظلوم شہریوں سے پوچھیں، ہم ان کی آزادی کے لئے دعا گو ہیں۔
وزیراعلیٰ نے یوم آزادی پر شاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی اورقومی ترانہ پیش کیا گیا۔ حضوری باغ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ مریم نواز نے مزار اقبال ؒ پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے دعا کی اور شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مریم نواز شریف کو بادشاہی مسجد کی سڑھیوں پر کھڑے بوائے سکائوٹس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور سکول بینڈز نے خوبصورت دھنیں پیش کیں۔ سندھی، بلوچی، کلاش، کشمیری، پنجابی،چولستان اور دیگر علاقائی لباس میں طالبات نے تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ تقریب میں قائد اعظم کی تقریر کے اقتباس بھی پیش کئے گئے ۔ سپیشل بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے ترانہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اپنی نشست چھوڑ کر سپیشل بچوں کے درمیان پہنچ گئیں اور بچوں کے ترانے کی تعریف کی۔
حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا سکندر حیات، ذیشان سکندر، سہیل شوکت بٹ، بلال یاسین، شیر علی گورچانی،معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، آئی جی،پرنسپل سیکرٹری،سیکرٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اوردیگر افسر بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف یوم آزادی پراچانک سی بی ڈی والٹن پراجیکٹ پہنچ گئیں اور کلمہ چوک سے والٹن کی طرف جانے والے روڈ 47 کا دورہ کیا۔ انہوں نے والٹن روڈ پراجیکٹ پر پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے والٹن روڈ پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور والٹن روڈ ڈرین کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے والٹن روڈ پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ والٹن روڈ ڈرین اور سڑک کے تعمیر اتی معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر سینئر صحافی اخلاق احمد باجوہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔