عہد کریں ملکی ترقی کیلئے کام کرینگے ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

عہد کریں ملکی ترقی کیلئے کام کرینگے ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی (سٹاف رپورٹر )چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے کہا ہے کہ عہد کریں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں گے ۔سندھ ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کے بعد جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس محمد شفیع صدیقی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے تکلیفیں سہہ کر ملک کو آزاد کرایا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم عہدکریں کہ ہم ملکر اس ملک کو تمام تکالیف اور مشکلات سے دور کریں گے اور یہ بھی عہد کریں کہ ہم وہ کریں گے جیساکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے وطن عزیز کیلئے سوچا تھا۔جسٹس محمد شفیع صدیقی کاکہناتھاکہ جو بیت گیا وہ بھول کراب آگے بڑھنے کا وقت ہے ہمیں چاہیے کہ ہم زبان،مذہب اور مسلک سے بالاتر ہوکر اپنے حصے کا کام کریں تو ملک ترقی کرے گا۔تقریب کا اہتمام ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔اس موقع پر یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریحان عزیز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ بار کی جانب سے پورے ملک کو جشن آزادی مبارک ہو۔ریحان عزیز ملک کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے بزرگوں کی محنت کی یاد دلاتا ہے ، ہماری ذمے داری بنتی ہے کہ ملک کی خدمت کریں۔ تقریب کے اختتام پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ملکی سلامتی،ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں