شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: آرمی چیف
راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا۔
تقریب میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریٹائرڈ افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملک کے تحفظ کیلئے ریٹائرڈ فوجی جوانوں و افسران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سابق فوجی افسران پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریٹائرڈ قیادت پاکستان کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتی رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ ریٹائرڈ فوجی افسران و جوانوں اور قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ایسی تمام سازشوں کو ناکا م بنا دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر ریٹائرڈ افسران و جوانوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد اور یقین کا اظہار کرتے ہوئے بیرونی و داخلی سکیورٹی کو درپش خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب کا مقصد پاک فوج کی حاضر اور ریٹائرڈ قیادت میں مضبوط تعلق کو ظاہر کرنا تھا، ریٹائرڈ افسران و جوان ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔