بلوچستان میں پرامن احتجاج کے نام پربدامنی پیدا کی گئی : وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی
کوئٹہ : (دنیانیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور کو بڑی بیدردی سے قتل کیا گیااور صوبے میں پرامن احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کی گئی۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ میں پورے پاکستان کو آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں ،بلوچستان کے ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں یوم آزادی منایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں ، ڈپٹی کمشنر پنجگور کو بربریت سے قتل کیا گیا ،یہ واقعہ بی ایل اے کا تھا ،بلوچوں کی نسل کشی تو خود یہ عناصر کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کاکہنا تھا کہ ذاکر بلوچ کے قتل کی مذمت کرتا ہوں ، ان کی فیملی کو مکمل سپورٹ کریں گے ، بلوچستان میں احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کل ہم نے بلوچستان کی مختلف تحصیلوں میں 21 نادرا سینٹرز کا افتتاح کیا ہے ، بلوچستان کے 500 طلبا کو اسلام آباد میں تعلیم دلوائی جائے گی ۔