بھارت نے بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا،دریائے چناب بپھر گیا،ہائی الرٹ

بھارت نے بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا،دریائے چناب بپھر گیا،ہائی الرٹ

اسلام آباد،لاہور،خیبر،شکرگڑھ(نامہ نگار ،نمائندگان دنیا،نیوزایجنسیاں)بھارت نے بغیر اطلاع دریائے چناب میں پانی چھوڑدیا،جس سے کئی علاقوں میں درمیانی درجے کے سیلاب کاسامنا ہے۔

این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے اگلے 24 گھنٹوں میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ شدید طغیانی اور پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیاہے ۔خیبرپختونخواکے ضلع خیبرتحصیل باڑہ میں تیز بارشوں کے باعث سیلابی ریلے امڈ پڑے ہیں ،ایک 13سالہ لڑکی اور نامعلوم شخص سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن کی لاشیں برآمد کرلی گئیں ۔ فلڈ وارننگ سنٹر کی رپورٹس کے مطابق مرالہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلابی ریلا پہنچ گیا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں2لاکھ50 ہزار کیوسک اونچے درجے کا سیلابی ریلا پہنچے گا ۔

انڈس واٹر کمیشن حکام کے ذرائع کے مطابق گزشتہ برس بھارت نے 2 لاکھ کیوسک پراطلاع دی تھی تاہم اس بارپاکستانی کمشنر سید مہرعلی شاہ کے خطوط پربھی نئی دہلی سے خاموشی ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے اڑھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایاکہ پنجاب بھر میں 18اگست تک مزید مون سون بارشوں کی توقع ہے ۔شکرگڑھ میں موسلا دھار بارش کے باعث نالہ بئیں میں نچلے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے جبکہ سکمال کاز وے زیر آب آنے سے سرحدی دیہاتوں سکمال ، چک نعرا ،بھوپال پور اور ارد گرد کے دیہاتوں کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں