حماد اظہر سمیت پی ٹی آ ئی کے 3رہنما عہدوں سے مستعفی

حماد اظہر سمیت پی ٹی آ ئی کے 3رہنما عہدوں سے مستعفی

لاہور، اسلام آباد (سیاسی رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر سمیت پی ٹی آ ئی کے 3 رہنما عہدوں سے مستعفی ہو گئے ، حماد اظہر نے پنجاب کی پارٹی صدارت کا چارج چھوڑ دیا ۔

حماد اظہر نے اپنے فیصلے بارے کہا کہ بدقسمتی سے انکی بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی،میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور میں اڈیالہ نہیں جا سکتا۔ پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو میری رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی۔ ان میں اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ اور بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور یک طرفہ معلومات پہنچائی گئیں۔ مثلاً کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چودھری اصغر کو بدلا جائے ۔ آج وہ کامیاب ہو گئے ، ان کا قصور یہ ہے کہ وہ دو ماہ قید میں رہے ، پارٹی کی قیادت بھی میرے ساتھ متفق ہے کہ یہ فیصلہ اور ایسے بہت سے فیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کے نتیجہ میں لئے جاتے ہیں ،اس صورتحال میں میرے قلم سے یا میری پنجاب کی صدارت کے دوران میرے لئے یہ ممکن نہیں ہے کہ میں میرٹ کو پامال کروں،لہذا پنجاب کی صدارت کا چارج چھوڑ رہا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا ۔ ادھر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے حماد اظہر کا استعفٰی ٰمنظور کرنے سے انکار کردیا،عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حماد اظہر نے پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کے لیے انتھک محنت کی لہذا آپ کا استعفیٰ قبول نہیں کیا جاتا۔تحریک انصاف لاہور کے صدر چودھری اصغر گجر نے پارٹی صدارت چھوڑ دی ،تحریک انصاف لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید نے بھی ذمہ داری سے استعفٰی دے دیا ۔ اصغر گجر کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکنوں کا مشکور ہوں کہ انھوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے جدوجہد میں میرا ساتھ دیا۔ امید ہے انے والا صدر مجھ سے بھی بہتر جدوجہد کرے گا ،میرے تمام وسائل بھی اس ذمہ داری میں حاضر ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں