انٹرنیٹ کی سست رفتار،بھاری مالی نقصان ،دوہفتوں میں مسئلہ حل کیا جائے:سینیٹ کمیٹی

انٹرنیٹ کی سست رفتار،بھاری مالی نقصان ،دوہفتوں میں مسئلہ حل کیا جائے:سینیٹ کمیٹی

اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،آئی این پی)سینیٹ کمیٹی نے ملک میں انٹرنیٹ سست رفتاری سے چلنے سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دو ہفتوں میں مسئلہ حل کرنے کی ہدایت بھی کردی ۔

سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس  ہوا، کمیٹی ارکان نے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس ڈاؤن ہونے کا معاملہ اٹھا دیا ۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے سے بزنس متاثر ہورہا ہے ۔ سینیٹر افنان اللہ نے کہا انٹرنیٹ سست ہونے سے کم از کم 500 ملین کا نقصان ہوا ہے ۔سیکرٹری آئی ٹی نے کہا موبائل آپریٹرز کی سروس میں خلل آیا ہے ۔ کوئی تکنیکی مسئلہ ہوسکتا ہے جو جلد حل ہوجائے گا۔سینیٹ کمیٹی نے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سلو ہونے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی اور 2 ہفتوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔

پی ٹی اے نے دعویٰ کیا کہ ہمیں انٹرنیٹ سروس سے متعلق کوئی شکایت ہی نہیں ملی۔اجلاس میں فائر وال سے متعلق قائمہ کمیٹی کا ایجنڈا ملتوی کردیا گیا۔ وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سست ہونے کی شکایات پر پی ٹی اے سے دو ہفتوں میں ڈیٹا مانگا ہے ۔ سائبر حملے روکنے کے لیے فائروال ضروری قرار دیتے کہاہے کہ پوری دنیا میں فائروال کا استعمال کیا جاتا ہے ۔پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز میں دشواری سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔انٹرنیٹ سرور پرو وائیڈرز (آئی ایس پیز)ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی آگئی ہے ، رفتار انتہائی سست، ڈیجیٹل معیشت کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے ،یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم پاکستان سے کاروبار کا بڑے پیمانے پر اخراج دیکھیں گے ۔ اپنے بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا سکیورٹی اور نگرانی کو بڑھانے کے حکومتی فیصلے کا غیر ارادی نتیجہ نکلا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں