عدم استحکام کی کوشش کرنیوالے شکنجے میں آئینگے :وزیر اطلاعات

 عدم استحکام کی کوشش کرنیوالے شکنجے میں آئینگے :وزیر اطلاعات

لاہور( نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ احتساب کے ذریعے ملک میں بڑھتے ہوئے انتشار کو روکا جارہا ہے ، خود احتسابی کا عمل ہر ادارے کو اپنانا چاہیے ، جو مزید تین افسروں کی گرفتاری ہوئی ہے۔

 وہ یقینی طو رپر جنرل( ر ) فیض حمید سے ہونے والی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی ہیں،ایسا لگتا ہے اس کا دائرہ صرف فوج کے ادارے تک محدود نہیں رہے گا ، جو بھی اس میں ملوث ہے ،وہ شکنجے میں آئیں گے ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کو انتشار سے بچانے ، امن اور معاشی استحکام کے لئے ا پنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ فوج نے بہت اچھا اور بروقت فیصلہ کیا جس کے تحت جنرل( ر ) فیض حمید کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور تحقیقات کے بعد مزید تین افسرگرفتار ہوئے ۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہ سلسلہ آج کا نہیں بلکہ جب بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو جنرل( ر ) فیض حمید اور ان کے ساتھی بانی پی ٹی آئی سے رابطے میں تھے اور توڑ جوڑ میں حصہ لے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی وہ شکنجے میں آئیں گے ۔جو بانی چیئرمین کے رابطے کے تحت ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے تھے ان سے رعایت نہیں برتی جانی چاہیے ،اس کی مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی اور مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں گی،اس میں اور بھی لوگوں کے نام سامنے آرہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں