ایل ڈی اے سڑکوں پر معیاری ٹائر کلر لگائے :ہائیکورٹ

ایل ڈی اے سڑکوں پر معیاری ٹائر کلر لگائے :ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کو سڑکوں پر معیاری ٹائر کلر لگانے کی ہدایت کردی ،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ غیر معیاری ٹائر کلر سے ٹریفک جام اور حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔

 جسٹس شاہد کریم نے سموگ کی روک تھام سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی ،ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ گرین بیلٹ اور پارکس کو سڑکوں کی سطح  سے نیچے کررہے ہیں جس سے سڑکوں پر جمع ہونے والا بارشی پانی پارکس اور گرین بیلٹ میں اکٹھا ہوگا ،عدالت نے سموگ کی روک تھام سے متعلق پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف اور ریمارکس دئیے کہ خوشی ہے حکومت سموگ کے حوالے سے اجلاس کررہی ہے اور اخبارات کے ذریعے آگاہی دے رہی ہے ،موٹر سائیکلوں کا دھواں بھی سموگ کا باعث بنتا ہے میری اس بات کا اس وقت مذاق بنایا گیا۔ مگر بعد میں حکومت نے موٹر سائیکل کی پالیسی میں توسیع کی اور ای بائیکس کی تعداد میں اضافہ کیا ، پوری دنیا میں ماحولیاتی تبدیلیاں اہم ایشو بن چکی ہیں اس تبدیلی سے سب متاثر ہورہے ہیں۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن کا حکم دیا گیا تاہم کوئی کام نہیں ہوا جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومت کی سموگ پر توجہ ہے مگر سیکرٹری سکول ایجوکیشن اتنے مضبوط ہیں کہ عدالتی حکم نہیں مان رہے ، سرکاری وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی احکامات سے متعلق سکول ایجوکیشن کو آگاہ کردیا جائے گا عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ٹولنٹن مارکیٹ کے حوالے سے ایل ڈی اے کے رولز کلیئر نہیں ہیں وہاں پرندے اور جانور رکھنے والوں کے پاس لائسنس ہونے چاہئیں،عدالت نے ہدایت کی کہ ایمپوریم مال کا گیٹ ری ڈیزائن کیا جائے اور ٹولنٹن مارکیٹ میں تجاوزات ختم کی جائیں،عدالت نے متعلقہ محکموں سے احکامات پر عملدرآمد رپورٹس طلب کرلیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں