بجلی ، اضافی ٹیکس ختم کرنے کیلئے وفاق سے بات کرینگے :سندھ حکومت

بجلی ، اضافی ٹیکس ختم کرنے کیلئے وفاق سے بات کرینگے :سندھ حکومت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے وزیر توانائی ناصرحسین شاہ نے سولرائزیشن کے ذریعے عوام کو سستی اور مفت بجلی فراہم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں سے اضافی ٹیکسز کے خاتمے کے لیے وفاق سے بات کریں گے ۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او)کے -الیکٹرک سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کسی بھی قسم کا نیا ٹیکس شامل نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے کے -الیکٹرک کے بلوں سے مختلف ٹیکسز کے خاتمہ کے لیے حکومت سندھ کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز کی شمولیت صارفین پر اضافی بوجھ ہے ، مہنگی ترین بجلی عوام کی دسترس سے باہر ہے ، سولرائزیشن کے ذریعے عوام کو سستی اور مفت بجلی فراہم کی جاسکتی ہے ۔وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ سیپرا کے فعال ہونے کے بعد عوام کو بڑا ریلیف ملے گا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ سولرائزیشن کے تمام منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول کے وژن اور منشور کی تکمیل کے لیے جنگی بنیادوں پر منصوبوں کی تکمیل ضروری ہے ، 40 سرکاری عمارتوں کو ہم 27 میگاواٹ سولرائز کرچکے ہیں۔ناصر حسین شاہ کے مطابق کراچی میں 270 میگاواٹ کے سولر پارکس پر کام جاری ہے ، 17 سرکاری عمارتوں پر سولرائزیشن کے حوالے سے کام جاری ہے جو رواں ماہ مکمل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی 10 جیلوں میں بھی سولرائزیشن کا کام جاری ہے یہ کام رواں سال مکمل ہوجائے گا، اسی طرح 656 سرکاری سکولوں کو بھی رواں سال کے آخر تک سولرائز کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں