برطانیہ میں ہنگامے ، فیک نیوز دینے کاملزم لاہور سے گرفتار

برطانیہ میں ہنگامے ، فیک نیوز دینے کاملزم لاہور سے گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں ہنگاموں کا باعث بننے والی فیک نیوز دینے والا شخص لاہور کے علاقہ ڈیفنس سے گرفتار کرلیا گیا،ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ملزم فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے کام کرتا ہے ،ملزم سے تفتیش میں وہ جعلی خبریں دینے میں ملوث پایا گیا۔

 ملزم کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے حوالے کر دیا گیاہے ، فرحان آصف پر برطانیہ میں تین بچیوں کے قاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے ، فیک نیوز کے بعد برطانیہ میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے شرو ع ہو گئے تھے ۔ذرائع کے مطابق ملزم فرحان آصف سے لیپ ٹاپ سمیت دیگر دستاویزات قبضہ میں لے لی گئی ہیں ،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم چودھری سرفراز معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں،ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فرحان آصف نے بتایا کہ اُس نے ایک بار خبر پوسٹ کی، معلوم نہیں تھا کہ پوسٹ اتنی وائرل ہوجائے گی ۔خیال رہے کہ برطانیہ میں حالیہ فسادات کی وجہ بننے والی فیک نیوز کو نشر کرنے کا ذمہ دار ایک کرائم ویب سائٹ چینل کو قرار دیا جا رہا ہے ،چند دن پہلے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی انویسٹی گیٹیو رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ چینل ایک کمرشل آپریشن ہے جو جرائم کی خبریں جمع کرکے سوشل میڈیا سے پیسے کماتا ہے ،اس فیک نیوز میں یہ غلط خبر دی گئی تھی کہ برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو ہلاک کرنے والا شخص ایک تارک وطن ہے جو ایک سال قبل غیر قانونی طریقے سے کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا،دیگر ذرائع سے ایسی غلط اطلاعات کہ حملہ آور مسلمان تھا بھی ہنگاموں کی وجہ بنیں جن کے دوران مسلمان آبادی سمیت مساجد کو نشانہ بنایا گیا،جبکہ برطانوی پولیس کے مطابق بچیوں کے قتل کے 17 سالہ ملزم کے والدین کا تعلق روانڈا سے ہے جبکہ ملزم برطانیہ میں پیدا ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں