پی ٹی آئی کا 27اگست کو لاہور میں بھی جلسہ ملتوی

 پی ٹی آئی کا 27اگست کو لاہور میں بھی جلسہ ملتوی

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے لاہور میں 27 اگست کا جلسہ ملتوی کردیا۔رہنما تحریک انصاف شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کے اسلام آباد جلسے کے بعد لاہور میں جلسے کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی تمام توجہ اسلام آباد جلسے پر رکھے گی۔

 شوکت بسرا کی جانب سے اسلام آباد کے بعد 27 اگست کو لاہور میں ہونے والا جلسہ بھی ملتوی ہونے کے بیان کی دیگر پارٹی رہنماؤ ں نے تردید کر دی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی میں لاہور جلسے کے حوالے سے ابہام پیدا ہوگیا ہے ۔دوسری جانب پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سنیئر نائب صدر اکمل خان اور خرم لطیف کھوسہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 27 اگست کو لاہور میں ہونے والے جلسے کو ملتوی کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔اکمل خان باری نے کہا کہ ڈی سی لاہور مسلسل لاہور ہائیکورٹ کے احکاماتِ کی خلاف ورزی کررہے ہیں، ہائیکورٹ میں ڈی سی لاہور نے ہمیں 27 اگست کو جلسہ کی اجازت دی تھی، ہائیکورٹ نے ڈی سی لاہور کو 9 اگست کو جلسہ کی جگہ کے بارے میں آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا،اکمل خان نے کہا کہ ان شااللہ جلسہ ضرور ہوگا، پنجاب حکومت جتنے مرضی روڑے اٹکالے ، تحریک انصاف لاہور کا جلسہ پنجاب حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لاہور کی قیادت کے میدان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریاں بھی نہیں ہوسکیں، پی ٹی آئی لاہور کی قیادت اختلافات کا شکار ہے جبکہ لاہور کے کارکن بھی قیادت سے نالاں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں