آج ہڑتال :لاہور میں تاجر دو گروپوں میں تقسیم

 آج ہڑتال :لاہور میں تاجر دو گروپوں میں تقسیم

اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،کامرس رپورٹر) ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے آج 28 اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا ہے ،لاہور میں تاجر دو گروپس میں تقسیم ہیں۔

 نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنمائوں کی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدرکاشف چودھری و دیگر نے پریس کانفرنس مین کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے کسی ڈرامہ میں تاجر شریک نہیں ہیں،ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گی ۔اشرافیہ کو دی جانے والی اربوں روپے کی مفت مراعات ختم کی جائیں۔پٹرول گیس اور بجلی کا مفت کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ۔پاکستان کا تاجر بہت سی قربانیاں دے چکا ،اب پاکستان کی اشرافیہ کو قربانی دینی ہو گی،حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے ٹیکس نہیں دینگے ،حکومت نے بجلی گیس اور بجلی میں ریلیف نہ دیا تو پاکستانی عوام بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاملک بھر کے تاجر یہ واضح کرتے ہیں کہ کوئی بھی تاجر نمائندہ ایف بی آر کیساتھ مذاکرات نہیں کر رہا ۔ لاہور میں تاجروں کی اکثریت ہڑتال کی حامی جبکہ مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ سے تعلق رکھنے والے اور دیگر تاجر تنظیمیں مذاکرات کے حق میں ہیں۔ ـ تاجروں کی ہڑتال کے ساتھ سبزی و فروٹ منڈیوں کے آڑہتیوں نے بھی متعدد اضلاع کی منڈیوں کی بندش کا عندیہ دیدیا ہے ۔ ـ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے آج کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں