پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن :کیس زیر التوا رکھنے پر فیصلہ محفوظ

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن :کیس زیر التوا رکھنے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (وقائع نگار)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار اور سپریم کورٹ کی وضاحت آنے تک کیس کو زیر التوارکھنے کی تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

کیس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی ، تحریک انصاف کے وکیل عذیر بھنڈاری کا کہنا تھاکہ ہم نے چار درخواستیں دائر کی ہیں۔ایف آئی اے نے چھاپا مار کر ہمارا تمام ریکارڈ ضبط کر لیا تھا۔ ہمارے پاس اصل دستاویزات اور الیکٹرانک ریکارڈ بھی موجود نہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ نے ویڈیو دیکھی ہے ہمارا واٹر ڈسپنسر بھی لے گئے ۔عذیر بھنڈاری کے مطابق الیکشن کمیشن ہدایت دے تو ریکارڈ ایف آئی اے سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔الیکشن کمیشن نے ایک سوالنامہ بھیجا تھا۔پہلا سوال تھا کہ تحریک انصاف کی اب کیا حیثیت ہے ۔اس سوال کا جواب سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق شارٹ آرڈر میں آ گیا ۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے ۔ ممبر کے پی کے کا کہناتھاکہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہیں ۔عذیر بھنڈاری کا کہناتھاکہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر لیا جائے تو اس بات کی وضاحت ہو جائے گی۔ممبر کے پی کے نے کہا ہم نے تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں کوئی گزارش نہیں کی۔ ہم نے سپریم کورٹ سے پوچھا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم ہونے تک پارٹی سرٹیفکیٹ کس کے تسلیم کیے جائیں۔ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ اب آپ کیا چاہتے ہیں۔ عذیر بھنڈاری کا کہناتھاکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کی وضاحت یا تفصیلی فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت نہ کرے ۔ ۔ عذیر بھنڈاری نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔ الیکشن کمیشن صرف یہ دیکھ سکتا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے تھے یا نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں