پنجاب : 3لاکھ سے زائد مقدمات کے چالان جمع نہ کرانیکا اعتراف

پنجاب : 3لاکھ سے زائد مقدمات کے چالان جمع نہ کرانیکا اعتراف

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کے چالان عدالتوں میں بروقت پیش نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے تین لاکھ باسٹھ ہزار ایک سو ستائیس مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع نہ کروانے کا اعتراف کر لیا ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ملزم عمران کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 6ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ٹرائل نہیں شروع ہوسکا ۔مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے ۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے صوبہ بھر میں درج مقدمات اور چالانوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کروادیں۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی رپورٹ میں کے مطابق 2017 سے لیکر رواں سال جولائی تک پچاس لاکھ 31 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے آٹھ سال میں 42 لاکھ چھیانوے ہزار پانچ سو مقدمات کے چالان جمع ہوئے 3 لاکھ بہتر ہزار تین سو چھبیس مقدمات کی اخراج رپورٹس مرتب ہوئیں جبکہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے تین لاکھ باسٹھ ہزار ایک سو ستائیس مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع نہ کروانے کا اعتراف کر لیا ۔عدالت نے آئی جی پنجاب سے مقدمات کے چالانوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں