حکومت اخراجات کم کرنے میں سنجیدہ نہیں،،رائٹ سائزنگ کمیٹی کے رکن قیصر بنگالی مستعفی

حکومت اخراجات کم کرنے میں سنجیدہ نہیں،،رائٹ سائزنگ کمیٹی کے رکن قیصر بنگالی مستعفی

اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قائم کی گئی رائٹ سائزنگ آف دی فیڈرل گورنمنٹ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی نے استعفیٰ دے دیا اور کہا حکومت اخراجات کم کرنے میں سنجیدہ نہیں، انہوں نے کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق کمیٹیوں کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے اپنا استعفیٰ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  اور سیکرٹری کابینہ کامران افضل کو بھجوادیا۔ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے تینوں کمیٹیاں بڑی اہم ہیں، اخراجات کم کرنے کیلئے تینوں کمیٹیوں نے تجاویز دیں، تینوں کمیٹیوں نے 70 سرکاری اداروں اور 17 سرکاری کارپوریشنز کا جائزہ لیا، اخراجات میں کمی کیلئے 17 ڈویژنز اور 50 سرکاری محکمے بند کرنے کی تجویز دی تھی، حکومت تینوں کمیٹیوں کی تجاویز کے برخلاف اقدامات کر رہی ہے ، اخراجات میں کمی کیلئے افسروں کی بجائے چھوٹے ملازمین کو نکالا جا رہا ہے ، محکموں سے گریڈ 17 سے 22 کے افسروں کی نوکریوں کو بچایا جا رہا ہے ، محکموں سے بڑے افسروں کو ہٹایا جائے تو سالانہ 30 ارب روپے کے اخراجات کم ہوتے ہیں، حکومت تجاویز کے برخلاف گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کو فارغ کر رہی ہے ، معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے ، معیشت قرضوں کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر ہے ۔ڈاکٹر قیصر بنگالی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر ادارے قرضے دینے کو تیار نہیں، ملک میں گھریلو بجٹ تباہ ہوچکے ہیں، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں