پنجاب بھر میں48ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تبدیل :9مئی مقدمات کی سماعت کرنیوالے4ججز کو بھی ہٹادیا گیا

پنجاب بھر میں48ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تبدیل :9مئی مقدمات کی سماعت کرنیوالے4ججز کو بھی ہٹادیا گیا

لاہور،راولپنڈی( کورٹ رپورٹر،آئی این پی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں 48ججز کے تقرر اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاان میں 9مئی کیسز کی سماعت کرنے والے 4ججز بھی شامل ہیں۔18ججز کو عہدوں سے ہٹا کرلاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیاہے ۔

بانی پی ٹی آئی سمیت 9مئی کے 14کیسز کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی  عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کو تبدیل کر دیا گیا۔ان پر 9 مئی کیسز کے پراسیکیوٹرز نے اعتراض کیا تھا۔تبدیل کیے جانے والے انسداد دہشت گردی عدالت کے ججز کے حوالہ سے پراسیکیوٹرز کا مؤقف تھا کہ ان ججز کا سانحہ 9 مئی کے ملزموں کی طرف جھکاؤ ہے ۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں میں نئے ججز کی تعیناتیاں ابھی نہیں کی گئیں ۔عہدوں سے ہٹائے جانے والے 4اے ٹی سی کی عدالتوں کے ججز میں لاہور سے خالد ارشد ، راولپنڈی میں اعجاز آصف ، سرگودھا میں محمد عباس ، اور فیصل آباد میں راجہ شاہد ضمیر شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید علی عمران کا رحیم یار خان تبادلہ کردیا گیا اور ان کی جگہ سیشن جج نسیم ورک کو لاہور میں تعینات کردیا گیا ۔30ججز کو مختلف اضلاع میں سیشن جج تعینات کیا گیا ہے ۔ سیشن جج میانوالی قیصر نذیر بٹ ، سیشن جج سرگودھا اکمل خان ، سیشن جج وہاڑی امجد نذیر چودھری ، سیشن جج ننکانہ صاحب عتیق الرحمن ، سیشن جج ساہیوال اورنگزیب، سیشن جج خوشاب محمد عاشق ، سیشن جج سیالکوٹ محمد اقبال ، سیشن جج چنیوٹ عارف محمود خان ، سیشن جج منڈی بہائو الدین سردار محمداقبال ڈوگر و دیگر شامل ہیں ۔ دیگر تبادلوں میں بینکنگ کورٹ وہاڑی کے جج عابد حسین کو سیشن جج بھکر تعینات کردیا گیا ۔ممبر پنجاب سروس ٹربیونل طارق خورشید کو سیشن جج حافظ آباد تعینات کردیا گیا ۔بینکنگ کورٹ ٹوکی جج شاہدہ سعید کو سیشن جج چنیوٹ تعینات کردیا گیا۔ ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری سرفراز اختر کو سیشن جج بہاولپور تعینات کردیا گیا ۔تبدیل ہونے والے ججز کو5ستمبر تک عہدوں کا چارج سنبھالنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں