توشہ خانہ ٹو :عمران اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ میں پھر توسیع

توشہ خانہ ٹو :عمران اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ میں پھر توسیع

راولپنڈی(خبرنگار)اڈیالہ جیل قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے توشہ خانہ ٹو بلغاری جیولری ریفرنس میں عمران خان اور انکی اہلیہ بشری ٰبی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت چھ ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 16 ستمبر تک توسیع کردی۔

پیر کو اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر دونوں ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔ وکلا صفائی نے موقف اختیار کیا کہ سابق چیئرمین اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے ایک ہی طرح کے الزام میں دو ریفرنس نہیں بنائے جاسکتے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں لہذا عدالت توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرے ۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔توشہ خانہ ریفرنس میں الزام ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ سے بلغاری کمپنی کے زیورات کے خلاف قانون کم قیمت پر حاصل کئے تھے اور یہ زیورات مارکیٹ میں فروخت کر دیئے ۔جیولری سیٹ کی مالیت 7 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی جس میں قیمتی ہار اور دیگر زیورات شامل ہیں ہے ۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے 13 جولائی کو دونوں ملزموں کو گرفتار کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں