ن لیگ ،پی پی کا عوامی ریلیف کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

ن لیگ ،پی پی کا عوامی ریلیف کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

لاہور(سپیشل رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے )مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کی نما ئندگی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔۔۔

 جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے سید حسن مرتضیٰ،ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی شریک ہوئے ۔دونوں جماعتوں نے پنجاب کی مجموعی ترقی اور عوامی ریلیف کے لئے سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے باہمی تعاون کو بہتر بنانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا اور ترقی کے لئے جاری پروگراموں کی حمایت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی کسانوں، زراعت، نوجوانوں اور دیگر طبقات کی بہتری کے لئے سکیموں میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا اور طے پایا کہ حلقوں میں ترقیاتی اقدامات، نوجوانوں کی ہنرمندی، سولر سسٹم کی فراہمی میں اشتراک عمل سے آگے بڑھا جائے گا،موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے ، امن وامان ، جدید آئی ٹی نظام کے فروغ پر موثر عمل درآمد کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے وزیر اعلی ٰ کی جانب سے وفد کی آمد اور سیاسی تعاون جاری رکھنے پر پی پی پی قیادت اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے ، مل کر عوامی ایشوز کو حل کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔علی حیدر گیلانی نے کہا عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر ہم وزیراعلیٰ مریم نواز اور پی ایم ایل این کی کمیٹی کے مشکور ہیں،تمام رکاوٹوں کو دور کرکے آگے بڑھنے میں ہی اتحادی حکومت کے ثمرات عوام کو ملیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں