گوجرانولہ:سرکاری سکول میں ٹیچر کے شوہر کی کم عمر طالبات سے زیادتی:ملزم گرفتار اعتراف جرم

گوجرانولہ:سرکاری سکول میں ٹیچر کے شوہر کی کم عمر طالبات سے زیادتی:ملزم گرفتار اعتراف جرم

گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) گوجرانوالہ میں تھانہ صدر کے علاقہ میں سرکاری سکول میں زیر تعلیم کم عمر طالبات کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے والے سکول ٹیچر کے شوہر درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرلیاگیا، میڈیکل رپورٹس میں طالبات سے زیادتی ثابت ہوگئی ، ملزم کے موبائل فون سے نازیبا ویڈیوز بر آمد ،ابتدائی طور پر پانچ مقدمات درج کرلئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق موضع تھیڑی سانسی کے محلہ سلیم پورہ میں ساجدہ نامی خاتون نے محکمہ لٹریسی کے تحت گورنمنٹ نان فارمل ایجوکیشن سکول اپنے 5مرلے کے گھر میں7سال سے بنا رکھا ہے ،اس سکول میں 40سے 50 بچیاں زیر تعلیم ہیں اور سکول ٹیچر کے شوہر عمران نے سکول کے اندر ایک کمرے میں کینٹین بنا رکھی ہے ،گزشتہ روز ایک بچی نے اپنے والدین کو بتایا کہ اسے سکول میں کئی مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور بچی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سکول میں اسکی دوسری دوستوں کیساتھ بھی ایسا ہوا ہے اور سب ڈر کے مارے خاموش ہیں جس پر بچیوں کے والدین نے آپس میں رابطہ کیا اور وہ ملکر پولیس کے پاس پہنچ گئے ۔ سی پی او ایاز سلیم نے اس واقعہ کا فوری نوٹس لیا اورتھانہ صدر پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران کو حراست میں لیکر اسکے قبضہ سے موبائل فون بر آمد کر لیا جس میں بچیوں کی نازیبا ویڈیوز موجود تھیں۔سی پی او محمد ایاز سلیم کا کہنا تھا کہ پانچ بچیوں کا میڈیکل کروایا گیا ہے ،میڈیکل رپورٹ میں3بچیوں سے زیادتی ثابت ہو گئی جبکہ 2سے زیادتی کی کوشش کی گئی اور ملزم نے 9بچیوں سے زیادتی کا اعتراف جرم کر لیا ۔

ابتدائی طور پر پانچ متاثرہ بچیاں سامنے آئی تھیں،ملزم کئی سال سے بچیوں کو اپنی شیطانی ہوس کا نشانہ بنا رہا تھا، جس پر ملزم کیخلاف پانچ الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ، متاثرہ بچیوں کی عمریں 11سے 14سال کے درمیان ہیں، تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیاہے ۔بتایاگیاہے کہ سکول میں دو ٹیچرز ہیں ان میں سے ایک ملزم کی بیوی ہے ،ملزم جب وہاں پر اکیلا ہوتا تھا تو وہ اس دوران موقع پا کر کسی بھی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کیساتھ اسکی ویڈیو بنا لیتا تھا اورانہیں بلیک میل کرتا تھا، خوف کے مارے کم عمر طالبات اپنے والدین کو کچھ نہیں بتا پاتی تھیں ۔تفتیشی افسر کاکہناتھاکہ ملزم کی بیوی کو بھی شامل تفتیش کیاجائے گا۔ ایجوکیشن افسر فوزیہ زریں کاکہناہے کہ واقعہ سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔سکول کی ایک خاتون ٹیچر کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ۔دوسری طرف صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نوٹس لیتے ہوئے دو اساتذہ کو معطل کرکے سکول کو عارضی طور پر بند کردیا جبکہ ان کی ہدایت پر سیکرٹری لٹریسی سید حیدراقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی اور ڈی ای او گوجرانوالہ پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں