پی ٹی آئی چاہے سو جلسے کرے،دوبارہ9مئی نہیں ہونے دینگے:لیگی رہنما
لاہور،فیصل آباد (ایجنسیاں )مسلم لیگ ن کے رہنما ئوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چاہے سو جلسے کرے ،دوبارہ 9مئی نہیں ہونے دینگے ، جلسے کے حوالے سے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا۔
کہ فتنہ پارٹی نے انتشار کی کوشش کی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئیگی، انکے پاس فنڈز،بندے نہ ہی سہولت کاری ہے ،طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ کرنا ہے تو آئین کے دائرہ میں رہے ، شعبدہ بازی نہ کرے ، جلسوں سے آئی ایم ایف معاہدہ نہیں رکے گا،جلسوں کا واحد مقصد اڈیالہ کے قیدی کی رہائی ہے ۔ تفصیل کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی، دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں تبدیل ہو چکی ہے ، عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور اپنے اصل دشمن کو پہچانیں، یہ شخص جیل سے نکلنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ۔ ان کے پاس جلسے کے لیے فنڈز ہیں نہ بندے اور نہ ہی کوئی سہولت کاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف آپ لوگوں نے جلسے میں جو زہر اگلنا ہے وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں، فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے ، اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک کو بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے ۔ طلال چودھری نے کہا اُمید ہے کہ آپ اس بار جلسہ کر کے دکھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جلسے کا واحد مقصد این آر او ہے ، ان کی سیاست کا مقصد ایک ہی ہے کہ اڈیالہ کے مجرم کو معافی دلوائی جائے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی کہتے ہیں کہ کرینیں لے کر آؤں گا! آپ اپنی پرفارمنس لے کر آئیں، عوام کے پیسوں سے اسلام آباد پر چڑھائی نہ کریں، سب سے زیادہ دہشت گردی اور بے امنی خیبر پختونخوامیں ہے ، جلسے میں آ کر بڑھکیں مار کر آپ اپنی کارکردگی نہیں چھپا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ جیسے ہی قریب آتا ہے ، آپ کو جلسہ یاد آجاتا ہے ، جلوس اور دھرنا یاد آ جاتا ہے کیونکہ آپ کو پتہ ہے کہ سزا ملنے والی ہے ۔