سپریم کورٹ ججز کی تعداد بڑھانے کا ترمیمی بل اسمبلی میں پیش

سپریم کورٹ ججز کی تعداد بڑھانے کا ترمیمی بل اسمبلی میں پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا ترمیمی بل پیش کردیا گیا۔

 اپوزیشن رہنما محمود اچکزئی نے بل کی مخالفت کے ساتھ ہی کورم کی نشاندہی کر دی تاہم ڈپٹی سپیکر نے گنتی کرائی تو کورم پورا نکلا اور اپوزیشن کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ ن لیگ کے رکن دانیال چودھری نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش کیا ۔ ڈپٹی سپیکر نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔بل میں عدالت عظمیٰ میں ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 23 کرنے کی تجویز ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا اس طرح کا بل سینیٹ میں آچکا ہے جو کمیٹی کو ریفر ہوا ہے ، یہ بل بھی کمیٹی کو ریفر کردیا جائے ۔قومی اسمبلی میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہ افراد کے تحفظ اور بحالی بارے قرار داد بھی منظور کر لی گئی۔ ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے قرار داد پیش کی ۔ قرارداد میں کہا گیا اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت متاثرہ افراد کے تحفظ اور بحالی کے لئے فوری اقدامات کرے ۔ نزہت صادق نے تحفظ ماحولیات ترمیمی بل 2024 پیش کیا جس کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ نوید قمر نے قومی اسمبلیکارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007 میں ترمیم کا بل پیش کیا۔ انہوں نے طریقہ کار کے قواعد 2007 میں قاعدہ 119 میں ذیلی قاعدہ نمبر ایک میں جملہ شرطیہ میں اضافہ سے متعلق بل پیش کرنے کی اجازت چاہی جسکی وزیر اطلاعات نے مخالفت نہیں کی۔ڈپٹی سپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں