ترقی کیلئے قائد اعظم ؒ کے اصولوں کو مشعل راہ بنانا ہوگا:صدر /وزیراعظم

 ترقی کیلئے قائد اعظم ؒ کے اصولوں کو مشعل راہ بنانا ہوگا:صدر /وزیراعظم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے رپو ر ٹرسے )صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو 76 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی جدوجہد نے نہ صرف پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی بلکہ وہ آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔

 ہمیں ترقی کے لئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو مشعل راہ بنانا ہوگا ، صدر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قائداعظم کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنا سکتے ہیں ،صدر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا، پوری قوم حق خودارادیت کیلئے قائد کی انتھک جدوجہد اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، وزیر اعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام عالم کی تاریخ کے اوراق میں قائداعظم محمد علی جناح کا نام ہمیشہ ایک صاحب بصیرت اور نامور سیاستدان کے طور پر درج کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بابائے قوم کے یوم وفات کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے عظیم پیکر تھے ،دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کے قیام کوعملی جامہ پہنایا ، سپیکر سردار ایاز صادق نے بھی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت ، قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا ، بلاول بھٹو نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 76 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لئے ان کے ویژن اور قیادت کی دائمی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں