غیر قانونی اسلحہ رکھنانا قابل ضمانت جرم،پتنگ سازی پر سزائیں مقرر:14ہزار سکول آؤٹ سورس کررہے،مریم نواز
لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 15واں اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ کابینہ نے تین میگاپراجیکٹس،اپنی چھت، اپنا گھر، چیف منسٹر گرین ٹریکٹر اورچلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دی۔
صوبائی کابینہ نے غیر قانونی اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم قراردیدیا جبکہ پتنگ سازی اور ترسیل پر سزائیں بھی مقرر کردیں۔ اجلاس میں پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹرمیڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے لئے ایم ڈی کیٹ پالیسی اور صوبے کی پہلی پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپر اورشناختی کارڈ کی کاپی پرہاؤسنگ لون جاری کرنے کی منظوری دی۔ 15لاکھ روپے قرض لینے والے کو 9سال میں 14ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنی ہوگی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لوننگ سکیم ریوالونگ فنڈ میں تبدیل کر دی گئی ، عوام سے کوئی اضافی چارجزنہیں لیے جائیں گے ۔
کابینہ نے اپنی چھت ،اپنا گھر پراجیکٹ کے یونیفارم فرنٹ ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے ہاؤسنگ لون کیلئے سماجی،معاشی اورآمدن کے ذرائع ،سکروٹنی کا عمل آسان کرنے کی ہدایت کی اور کہا عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں،پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے وزرا کو ہاؤسنگ لون کی پہلی قسط خود جاکر دینے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت9500ٹریکٹر دینے اور 50ایکڑ تک اراضی مالکان کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ کی سبسڈی دینے کی منظوری دی۔ اس سکیم کا20ستمبر سے آغازہوگا اور20اکتوبرکو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا پنجاب کے کاشتکاروں کو 30ہزار ٹریکٹر دینا چاہتے ہیں۔اجلاس میں چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے بچوں کی زیر التوا12ہزار ہارٹ سرجریز جلدازجلد کرنے اور چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے انٹرنیشنل سرجنز کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بچوں کے دماغی امراض کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دیا۔ کابینہ نے پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری اورجرم ناقابل ضمانت قرار دیا ۔ غیر قانونی اسلحہ اورمینوفیکچرنگ وغیرہ پر سزا تین سے پانچ سال اورجرمانہ 5 سے 7 لاکھ کرنے اور کائٹ فلاننگ آرڈیننس2001کے تحت پتنگوں کا سامان بنانے ،ترسیل پر بھی سزائیں مقررکرنے کی منظوری دی ۔ کائٹ فلائنگ آرڈیننس کے تحت پتنگ بازی پر قید کی سزا، 2سے 5سال اور جرمانہ 20سے 50لاکھ تک ہوگا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام کا افتتاح کر دیا جس سے 40ارب روپے کی بچت، 70ہزار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگارمیسر آئے گا۔ وزیر علیٰ نے لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں کنڈرگارٹن سکول بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب میں پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام کے لائسنس تقسیم کیے ۔
ڈیرہ غازی خان کی تین بہنوں ،اخوت،پی آر ایس پی اور مسلم ہینڈز کو بھی لائسنس دیئے گئے ۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا14 ہزار سکول آؤٹ سورس کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کے وزیر نے نصابی کتب کے پیپر کا سائز چھوٹا کرکے ایک ارب روپے کی کرپشن کی، نیب کیس بنانا چاہیے ۔ پانچ سال تک پنجاب میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں ہوا۔ ٹرانسفر پوسٹنگ اقربا پروری کی بنیادو ں پر کی جاتی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاسکولوں میں نصاب حکومت پنجاب کا ہوگا اور مانیٹرنگ بھی حکومت پنجاب کرے گی۔ پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت تمام سکول فائیو سے آٹھ کلاس تک اپ گریڈ ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا 49 ہزار میں سے 14 ہزار سکولز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلائے جائیں گے ۔پہلے مرحلے میں 5800 سکولز آؤٹ سورس کررہے ہیں، مانیٹرنگ اورنگرانی ہم خود کریں گے ۔انہوں نے کہا لیپ ٹاپ سکیم نومبر سے شروع کر رہے ہیں۔ میرٹ پر آنے ولے طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے ۔