پی ٹی آئی کا آج احتجاج،چھاپے ،لیاقت باغ سیل ،گنڈا پورکی پنجاب داخلے پر پابندی

پی ٹی آئی کا آج احتجاج،چھاپے ،لیاقت باغ سیل ،گنڈا پورکی پنجاب داخلے پر پابندی

اسلام آباد،لاہور ( خبر نگار ، خصوصی نامہ نگار ، دنیا نیوز،اپنے نامہ نگار سے) تحریک انصاف نے آج ہفتہ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ انتظامیہ نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی اور لیاقت باغ کو سیل کر دیا۔

 وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ۔اسلام آباد سے پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی، پی ٹی آئی کارکنوں کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اسلام آباد، شمالی پنجاب اور کے پی کے سے قافلے راولپنڈی آئیں گے ۔راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے لئے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری نے پی ٹی آئی رہنما شہریار ریاض، انکے بھائی عاطف ریاض کی گرفتاری کے لیے پشاور روڈ میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، اس کے علاوہ راجہ بشارت اور راجہ راشد کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپہ مارا گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کو چھاپوں میں ناکامی کا سامنا رہا کیونکہ کوئی بھی اُن کے ہاتھ نہیں آسکا۔ادھر حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کردیا جبکہ موبائل سروس بھی معطل رہے گی ،پابندی کا اطلاق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں آج اور کل ہوگا۔

ان دو دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے ، جلسے ، مظاہرے ، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش کی بھی ممانعت ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ موٹر وے ایم ون اور ایم ٹو کو بھی بند رکھا جائے گا ،چکری ، باہتر، ٹیکسلا ، اے ڈبلیو ٹی سے بھی شاہراؤں کو بند کیا جائے گا ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ کو سیل کردیا۔ذرائع کے مطابق لیاقت باغ کے گیٹ پر تالے لگادیئے گئے ہیں ۔پی ٹی آئی کی ہفتہ کو احتجاج کی کال کے تناظر میں اڈیالہ جیل کے لئے خصوصی سکیو رٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جیل کے اطراف اضافہ نفری تعینات کی جائے گی ۔

چھا پوں اور گرفتاریوں کے خدشہ کے تناظر میں تحریک انصاف کے سرگرم رہنما اور کارکن اپنے گھروں سے روپوش ہو گئے ہیں ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ راولپنڈی صدر سٹیشن تا آئی جے پی روڈ تک میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔میٹرو بس سروس اسلام آباد میں بحال رہے گی۔ اسلام آباد آئی جے پی روڈ تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس چلائی جائے گی ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق علی امین گنڈا پور کی خیبرپختونخوا سے پنجاب میں احتجاج کے لیے داخل ہونے پرپابندی عائد کر دی گئی ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پنجاب میں کسی جگہ احتجاج نہیں کرسکیں گے ۔پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے افسروں کی چھٹیاں منسوخ کردیں ، کسی قسم کی بھی چھٹی کرنے کی اجازت نہیں، حکم نامہ کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کو نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں