پاور کیلئے 3 امپائرز کو ایک دوسرے کی ضرورت :عمران

پاور کیلئے 3 امپائرز کو ایک دوسرے کی ضرورت :عمران

راولپنڈی (خبر نگار) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے اب ہم جلسے نہیں راولپنڈی، اسلام آباد، مینار پاکستان لاہور سمیت ہر جگہ احتجاج کرینگے ،اس وقت 3 امپائرز اور 3 ہی کھلاڑی ہیں جنہوں نے پی ڈی ایم کو اس لئے ساتھ ملا رکھا ہے کہ انہیں پاور میں رہنے کیلئے ایک دوسرے کی ضرورت ہے ۔

 اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے عمران خان نے کہا ہمارا انتخابی نشان لینے کا چیف جسٹس کا فیصلہ جانبدارانہ تھا ، سپریم کورٹ کے ججوں نے مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے میں یہ واضح کر دیا ۔چیف جسٹس نے پہلے الیکشن فراڈ کو تحفظ دیا اب یہ پی ٹی آ ئی کی نشستیں چھیننا شروع ہوگئے ۔ یہ اپنے مفاد میں پی ٹی آئی کو کرش کر رہے ہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی فیملی پارٹیاں ہیں ان کے پارٹی الیکشن کو کوئی نہیں پوچھتا ہمارے تین پارٹی انتخابات کالعدم قرار دئیے گئے ۔چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے کہ جس دن الیکشن فراڈ کھلا اس پر آرٹیکل 6 لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں دونوں کا مفاد توسیع میں ہے اگر یہ بے قصور تھے تو پنڈی کے کمشنر کے بیان کے بعد اسے کیوں نہیں بلایا ۔ٹریبونلز کی بجائے الیکشن کمیشن کے امپائرز کا فیصلہ کروا دیا گیا تاکہ دو تہائی اکثریت حکومت کو دی جا سکے ۔ وہ اب 63 اے کے پیچھے پڑ گئے ہیں تاکہ فلور کراسنگ کو جائز قرار دیا جا سکے ۔ دنیا کی کسی عدالت میں ایسا نہیں ہو رہا جیسا پاکستان میں یہ کر رہے ہیں۔ اپنے اقتدار کے لئے یہ سپریم کورٹ، قانون اور جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں ،پاکستان کے لئے اب قوم کو نکلنا پڑے گا اب صرف احتجاج کریں گے قوم اور نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ اپنے ملک اور مستقبل کے لئے نکلیں 10 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، ایس آ ئی ایف سی کو سرمایہ کاری کے لئے بنایا گیا تھا مگر پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں