معاشی ترقی کیلئے آرمی چیف نے ذاتی کوششیں کیں،9مئی پرتب معافی ملے گی جب دل سے مانگیں گے:شہباز شریف

معاشی ترقی کیلئے آرمی چیف نے ذاتی کوششیں کیں،9مئی پرتب معافی ملے گی جب دل سے مانگیں گے:شہباز شریف

نیویارک،لندن،اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا معاشی ترقی کیلئے آرمی چیف نے ذاتی کوششیں کیں،9 مئی پر تب معافی ملے گی جب دل سے مانگیں گے ،مضبوط معیشت کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

 وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے گزشتہ شب امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک سربراہانِ حکومت کے اعزاز میں دئیے جانے والے عشائیے میں شرکت کی،عشائیے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی صدر جو بائیڈن نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،عشائیے میں دیگر ممالک کے سربراہان مملکت نے بھی شرکت کی، بعد ازاں شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن کے ساتھ میری مختصر ملاقات انتہائی پرجوش اور خوشگوار رہی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور آب و ہوا سے متعلق اقدامات سمیت کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔وزیراعظم دورہ امریکا مکمل کر کے لندن پہنچ گئے ،شہباز شریف تین سے چار دن لندن میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کرینگے ،شہبازشریف کی اچانک روانگی کی وجہ سے کئی طے شدہ مصروفیات منسوخ کرنا پڑیں ،ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دینا تھے اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کرنا تھا۔

لندن میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دورہ امریکا کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا اور کہا کہ جنرل اسمبلی میں خطاب کرکے پاکستانی عوام کی آواز دنیا تک پہنچائی، اقتدار میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے ، پاکستان میں ٹیکس کا نیٹ ورک بڑھانا ہوگا، اشرافیہ کو بھی قربانی دینا ہو گی۔ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کی منظوری میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین نے بھرپور مدد کی، آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا۔ نقصان میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری یا آؤٹ سورس کیا جائے گا۔سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، 2018 میں چارٹر آف ڈیمو کریسی پر سائن کرنے کی پیشکش کی تھی، 9 مئی کا واقعہ ناقابل معافی ہے ، 9 مئی کے واقعہ میں ملوث افراد کو معافی اس وقت ملے گی جب دل سے معافی مانگیں گے ۔ پی آئی اے بند کرانے میں بھی گزشتہ حکومت ملوث ہے ،چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنے میں گزشتہ حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ سوشل میڈیا پر فوج اور شہدا کو گالیاں دینے والوں کے ہوتے ہمیں دشمن کی ضرورت نہیں، شہباز شریف نے کہا برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے ، انہوں نے پاکستانیوں کی میت لے جانے کے حوالے سے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کو پالیسی بنانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں