اسلام آباد:شنگھائی تعاون تنظیم کا15اور 16اکتوبر کو اجلاس بھارتی وزیر خارجہ بھی شرکت کرینگے

اسلام آباد:شنگھائی تعاون تنظیم کا15اور 16اکتوبر کو اجلاس بھارتی وزیر خارجہ بھی شرکت کرینگے

اسلام آباد (وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر، خصوصی رپورٹر)شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کااجلاس 15اور 16اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، بھارت نے اپنے وزیرخارجہ کے بھی پاکستان آنے کی تصدیق کردی۔

 بتایا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم  کے بجائے بھارتی وزیر خارجہ  جے شنکر شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے ۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت پاکستان میں ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے اجلاس میں شرکت کرے گا، بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان جائیں گے اور 15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے ، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا،پاکستان میں دو طرفہ ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات کچھ دنوں میں بتائی جائیں گی، پاکستان نے بھارت کو ایس سی او سربراہان سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھیجا تھا تاہم بھارت نے اپنا وفد پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اجلاس میں بھارت آن لائن شریک ہوگا،ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے تاہم ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے ، وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں